ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’من کی بات‘ میں پھر طلاق ثلاثہ کا جن بوتل سے باہر ، مسلم خواتین کے ساتھ’ انصاف‘ ہو گا: مودی

’من کی بات‘ میں پھر طلاق ثلاثہ کا جن بوتل سے باہر ، مسلم خواتین کے ساتھ’ انصاف‘ ہو گا: مودی

Sun, 26 Aug 2018 22:50:15    S.O. News Service

نئی دہلی26 اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سماجی انقلاب کے بغیر معاشی ترقی کو ناقص قرار دیتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک مسلم خواتین کے ساتھ’’ انصاف‘‘ کرے گا۔

مودی نے اتوار کو آل انڈیا ریڈیو پر اپنے خصوصی پروگرام ’من کی بات‘ کی 47ویں قسط میں پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تبدیلی کے بغیر معاشی ترقی ادھوری ہے۔ لوک سبھا میں تین طلاق بل پاس کردیا گیا ہے حالانکہ راجیہ سبھا کے اس سیشن میں پاس نہیں ہوپایا ہے ،لیکن مسلم خواتین کے ساتھ ملک’’ انصاف‘‘ کرے گا۔

مودی نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ میں مسلم خواتین کو یقین دلاتا ہوں کہ پور املک انہیں ’’انصاف‘‘ دلانے کیلئے ساتھ کھڑا ہے۔ جب ہم ملک کے مفاد میں آگے بڑھتے ہیں تو غریبوں، پسماندوں اور دبے کچلے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ آبروریزی کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کی خواتین کے خلاف کوئی بھی مہذب سماج کسی بھی طرح کی ناانصافی برداشت نہیں کرسکتا۔آبروریزی کرنے والوں کو قوم برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اس لئے پارلیمنٹ نے مجرمانہ قانون ترمیمی بل پاس کرکے سنگین سزا کا التزام کیاہے۔ آبرو لوٹنے والے مجرموں کو کم از کم 10 برس سزا ہوگی وہیں بارہ برس سے کم عمر بچیوں کی آبرولوٹنے والوں کو پھانسی کی سزا ہوگی

۔انہوں نے مدھیہ پردیش اور کٹنی کی عدالت کے ذریعہ آبرو لوٹنے والوں کو پھانسی کی سزا دینے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ قانون خواتین اور بچیوں کے خلاف مجرمانہ معاملوں کے انسداد میں موثر کردار نبھائے گا۔ واضح ہو کہ حکومتی سطح پر بار بار طلاق ثلاثہ کا ذکر کئے جانے بعد بھی اس میں کئی نقص ہیں جس کی وجہ سے راجیہ سبھا سے طلاق ثلاثہ بل منظور نہیں ہوسکا ہے ۔ 


Share: